عمران خان جنرل مشرف کے نقش قدم پر چل رہے ہیں،آصف زرداری

اپ ڈیٹ 13 مئ 2020 10:00am
فائل فوٹو

لاہور:پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت کورونا کے بجائے اپوزیشن سے لڑ رہی ہے،حکمران ملک کو مشرف دور کی طرف لے جا رہے ہیں جبکہ عمران خان جنرل مشرف کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،جس میں کورونا وائرس، سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

سابق صدر آصف زرداری نے کوروناپرفکر مندی اور حکومتی فیصلوں پرتحفظات کااظہار کیا ۔

آصف زرداری نے کہا کہ بدقسمتی سےحکومت کوروناکےبجائےاپوزیشن سےلڑرہی ہے،جب 2008 میں پیپلزپارٹی کو اقتدار ملا تو ملک دہشتگردی اورنفاق کا شکار تھالیکن ہم نے قومی اتفاق رائے سے سوات آپریشن کیااورامن لے کر آئے۔

سابق صدر نے مزید کہا کہ ملک میں اناج کابحران تھا،آٹےپرجھگڑےہورہےتھے،ہم نے ملک کو خوراک میں خودکفیل کیا،ہم نے قومی اتفاق رائے سے آئین میں ترامیم کیں اور صوبوں  کو حقوق دیئے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ حکمران پھرملک کومشرف دورکی طرف لےکرجارہے ہیں،بلوچستان ناراض تھا ،آغاز حقوق بلوچستان پیکیج دے کر انہیں ساتھ جوڑا،مشرف آمریت کی وجہ سے وفاق خطرات کی زد میں آچکا تھا،ہم نے صوبوں کو آئینی اور مالیاتی اختیارات دیکر وفاق کو مضبوط کیا۔

سابق صدرنے مزید کہا کہ حکمران پھر سے  صوبوں کےآئینی اورمالیاتی اختیارات کم کرناچاہتے ہیں ،حکمرانوں نےملک میں موجوداتفاق رائے برباد کر دیا ہے،عمران خان جنرل مشرف کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔